بلوچستان میں تجارتی اصلاحات کے ذریعے نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے؛ فرح عظیم شاہ

35

کوئٹہ،21اکتوبر(اے پی پی): ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی کیلئے معاشی استحکام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، بلوچستان میں تجارتی اصلاحات کے ذریعے نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ کی قیادت میں رومانیہ کے تجارتی وفد نے کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اس دوران صوبے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے اقدامات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا صوبے کی ترقی کیلئے معاشی استحکام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح  ہے ، وزیر اعلی میر عبدالقدوس بزنجو اس ضمن میں موثر حکمت عملی اپنا رہے ہیں ۔انہوں نے  کہا  کہ بلوچستان میں تجارتی اصلاحات کے ذریعے نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، اپنی معیشت کو مضبوط کرکے ہی کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔

اس موقع پر ریپبلک آف سوڈان میں تعینات پاکستانی سفیر میر بہروز حسین ریکی نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے سوڈان میں سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا اور تجاویز پیش کیں۔

 رومینین وفد کی سربراہی کرنے والی جارج جیٹا کا کہنا تھا کہ مشترکہ کاروباری فروغ کیلئے دونوں ممالک کے مابین ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور تجارتی استفادے سے مزید بہتر امکانات پیدا ہوں گے۔

 بعد ازاں صدر کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹری کے صدر ولی محمد نے جارج جیٹا اور سفیر میر بہروز حسین ریکی کو شیلڈ دی۔