ملتان، 26 اکتوبر(اے پی پی ): سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا، بہاولپور ڈویژن کی 50سکیموں کا جائزہ لیا گیا، سست روی پر برہمی کا اظہار کیا اور پی ایچ ای کی سکیموں پر ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ جن سکیموں پر کام کی رفتار ٹھیک نہیں اُس پر ٹھیکیداروں کو نوٹسز جاری کیئے جائیں، کام کے معیار اور شفافیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،بی ڈی اے اور پی ایچ اے بیوٹیفکیشن پلان اور دیگر سکیموں کو جلد مکمل کریں، کام میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب محمد آصف چوہدری نے کہا کہ شہر میں شجرکاری کو بھرپور فروغ دیا جائے، سکیموں کو مقررہ وقت پر مکمل کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
اس موقع پر سیکرٹری پی این ڈی آفتاب پیر زادہ،ڈی جی بی ڈی اے جام بقا اور ایس سی پبلک ہیلتھ شکیل جاوید،ڈی جی پی ایچ اے فاروق صدیق اور ڈپٹی سیکرٹری زاہد اقبال بھی موجود تھے۔