ملتان، 26 اکتوبر(اے پی پی): بنگلہ دیش کے خلاف انڈر 19کرکٹ سیریز کیلئے پاکستان جونیئر ٹیم میں ملتان کے 3کرکٹرز عزیر ممتاز، عبدالحسیب ناظم اور عرفات منہاس کو بھی منتخب کرلیا گیا ہے۔
دائیں ہاتھ کے آل راؤنڈر عزیر ممتاز کو پاک بنگہ دیش انڈر 19 سیریز کی ریڈ اینڈ وائٹ بال تینوں فارمیٹ کیلئے منتخب کیا گیا ہے، لیفٹ ہینڈڈ آل راؤنڈر عرفات منہاس کا انتخاب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کیلئے کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹر عامر یامین کے بھتیجے عبدالحسیب ناظم کو چار روزہ میچ کیلئے قومی انڈر 19 سکواڈ میں شامل کیا گیا۔
عبدالحسیب اور عرفات کے اکیڈمی کوچ طاہر محمود نے کلب پریکٹس کے دوران مٹھائی تقسیم کی۔ کوچ طاہر محمود نے اپنے تاثرات میں کہا کہ وہ ملتان کے تینوں کرکٹرز عزیز، عبدالحسیب اور عرفات کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں ۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر زکریا یونیورسٹی نوید اشرف نے ملتان کے منتخب جونیئر کرکٹرز اور کوچ طاہر محمود کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عبدالحسیب اور عرفات کا پاکستان انڈر 19 کیلئے انتخاب ، طاہر محمود کی انتھک محنت کا صلہ ہے۔











