سیاسی برادری کو اپنی ذات اور جھوٹی انائوں سے بالاتر ہوکر پاکستان کی خدمت کرنی چاہئے، چیئرمین پی اے سی نور عالم خان

10

اسلام آباد۔3نومبر  (اے پی پی):پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین اور وزیراعظم کے معاون خصوصی نور عالم خان نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن ملک میں انارکی پھیلانا چاہتا ہے، سیاسی برادری کو اپنی ذات اور جھوٹی انائوں سے بالاتر ہوکر پاکستان کی خدمت کرنی چاہئے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نور عالم خان نے کہا کہ بحیثیت انسان ہم اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ کیوں یہ غفلت ہوئی اور ایک سیاسی لیڈر کو سکیورٹی فراہم کرنے میں کیوں ناکام ہوئی۔ پنجاب حکومت سے بازپرس ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب کی صورتحال ہے اور معیشت خراب ہے، دشمن ملک میں انارکی پھیلانا چاہتا ہے۔ ساری سیاسی برادری اپنی ذات اور جھوٹی انائوں سے نہیں نکلے گی تو پاکستان کی خدمت نہیں کر سکیں گے۔  انہوں نے کہا کہ مسلسل آئین کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ دوست محمد مزاری کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، ہم اس کے بھی خلاف ہیں، کسی صوبے میں کہیں بھی زیادتی ہو رہی ہے تو اس کا ازالہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔