قومی اسمبلی اجلاس، اراکین اسمبلی کی وزیرآباد واقعے کی مذمت 

12

اسلام آباد،4نومبر  (اے پی پی):قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے پر اظہار خیال کیا جبکہ دیگر ارکان نے نکتہ ہائے اعتراض پر وزیرآباد واقعے کی مذمت  اور دیگر مسائل پر بات چیت کی۔

  جمعہ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کل جو واقعہ ہوا ہے اس کی اس ایوان نے بھی مذمت کی ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایسا واقعہ ہے جو ہمارے لئے من حیث القوم شرمندگی کا باعث ہے، دنیا میں یہ سوچا جارہا ہے کہ ہماری سوچ کس طرف جارہی ہے۔

 وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اگر اس واقعہ کے پیچھے کوئی سازش کارفرما ہے تو قوم کے سامنے آنی چاہیے تاکہ مسئلہ کی تہہ تک پہنچا جاسکے، اگر اسے سیاسی رنگ دیا گیا تو ماضی کی طرح ہمیں معلوم نہیں ہو سکے گاکہ اس کے محرکات کیا تھے، تاریخ میں اس طرح کے کئی واقعات ہوئے ہیں،گزشتہ دہائی میں بے نظیر بھٹو شہید کا واقعہ ہوا، ان کی شہادت کے حوالے سے کئی سوالات تھے جن کا قوم ،ان کے صاحبزادے اور شوہر کو جوابات نہیں مل سکے، لیاقت علی خان کے ساتھ جو کچھ ہوا ان کے بارے میں بھی قوم کو کوئی معلومات نہیں ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے بارے میں سوالات قوم کو اس لئے معلوم ہیں کیونکہ ایک سابق جج نے اعتراف کیا تھا کہ سزا کے لئے ان پر دبائو تھا۔

 وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اب تک ملزم کی جو ویڈیوز آئی ہیں اس سے ایک چیز واضح ہو رہی ہے کہ واقعہ میں مذہبی جنون کارفرما ہے، ملزم کی ویڈیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نے ماضی میں جو زبان استعمال کی ہے اور مذہب کے حوالے سے جو حدود کراس کی ہیں اس کے نتیجے میں واقعہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس تھانے کی حدود میں واقعہ ہوا ہے وزیراعلیٰ نے پورے عملے کو معطل کرکے اسے اپنے ضلع میں ٹرانسفر کیا ہے، ابتدائی سطح پر ہی تحقیقات کو سبوتاژ کرکے اسے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی تگ و دو ہو رہی ہے جو قوم کے ساتھ زیادتی ہے۔

وفاقی وزیر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے، پی ٹی آئی کی طرف سے تحقیقات سے قبل الزام لگانا غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جو کچھ برداشت کیا ہے ہم نہیں چاہتے کہ کسی اور سیاسی جماعت پر یہ وقت آئے، ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ملتان سے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی علی موسٰی گیلانی نے کہا ہے کہ وزیرآباد واقعے میں شہید ہونے والے ورکر کے لئے ایوان میں فاتحہ خوانی کرائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ  اس واقعے کو محترمہ بے نظیر بھٹو کے واقعے کے ساتھ نہ جوڑا جائے۔

یورپی پارلیمان کے ارکان نے جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی  کا مشاہدہ کیا ۔اس موقع پر  سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا جس پر ارکان نے ڈیسک بجا کر سپیکر گیلری میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔بعد ازاں سپیکر راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کردیا۔