بھارت اور دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کی گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال آمد، مذہبی  رسومات ادا کیں

12

حسن ابدال،10 نومبر(اے پی پی):بھارت اور دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں مصروف دن گزرا۔  سکھ یاتری سارا دن اپنی عبادت میں مصروف رہے سکھ یاتریوں نے ولی قندہاری پر جاکر بھی سلام کیا اور پاکستان کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا ۔وزیراعظم کے  معاون خصوصی  سردار سلیم حیدر خان نے شام کے وقت گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کا دورہ کیا اور سکھ یاتریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب بہت خوبصورت اور مذہبی تقریب ہے، بھارت سے آنے والوں سکھ یاتریوں کی گوردوارہ پنجہ صاحب ایک عظیم عبادت گاہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ہم ہمیشہ انھیں یہ پیغام دیتے ہیں کہ حکومت پاکستان اور عوام کے دروازے بھارت کے سکھ یاتریوں  کیلئے  ہر وقت کھلے ہیں ہم انھیں دل کے ساتھ لگاتے ہیں اور انھیں وہی عزت واحترام دیتے ہیں جو پاکستان کے مسلمان بھائیوں کو دیتے ہیں۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ یہاں کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتاہوں کہ انھوں نے سکھ یاتریوں کے لئے بہت اعلی انتظام کئے ہیں، سکھ یاتری یہاں مرضی گھومیں لوگ انھیں عزت واحترام دیں گے لیکن کچھ شرپسند عناصر ہوتے ہیں جس کی وجہ سے انھیں سیکورٹی فراہم کی جاتی ہے تاکہ کوئی شرپسند عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوں ،  کالی بھیڑیں ہر جگہ موجود ہیں۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اگر ممکن ہوا تو سیکورٹی کے ساتھ آپکو حسن ابدال شہر کا چکر لگوا سکیں ،  انشااللہ آپکا ویزا آن لائن کرنے کیلئے کوشش جاری ہے، اگلے سال تک آپکا ویزا آن لائن ہو جائے گا۔

 کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر اٹک نے بھی شام کے وقت گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کو دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

قبل ازیں سکھ یاتریوں کو  بابا گرونانک کے جنم    دن کے موقع پر گزشتہ رات گئے تین ٹرینوں کی ذریعے ننکانہ صاحب سے پنجہ صاحب حسن ابدال لایا گیا، جہاں  سے گوردوارہ پنجہ صاحب تک خصوصی بسوں کے ذریعے سکھ یاتریوں کو لایا گیا، پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری بھی بسوں کے ہمراہ تھی اور روٹ کے دونوں اطراف میں پولیس کی اہلکار تعینات تھے۔