ملتان، 16 نومبر (اے پی پی ): چائلڈ رائٹس کمیٹی کے کوآرڈینیٹر شاہد محمود انصاری نے کہا ہے کہ بچوں کا عالمی دن دراصل بچوں کے حقوق کو اجاگر کرنے کے حوالے سے تجدید عہدکے طور پر ہم منارہے ہیں۔اسی تناظر میں 20نومبر عالمی دن کے موقع پر ملتان میں سہ روزہ تقریبات منعقد کی جارہی ہیں تاکہ بچوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کو عوام تعاون سے یقینی بنایا جاسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائلڈ رائٹس کمیٹی کے دیگر عہدیداران جنرل سیکرٹری میاں وقاص فرید قریشی،چیئرمین سول سوسائٹی فورم احسان خان سدوزئی اور کوآرڈینیٹر شعور ترقیاتی تنظیم چوہدری منصور احمد ایڈووکیٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔شاہد محمودانصاری نے مزید کہا ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے رجسٹرڈ سماجی ادارے شعور ترقیاتی تنظیم، ادارہ ایس پی او،آواز دو،سول سوسائٹی فورم کی زیر نگرانی اور مقامی تعلیمی اداروں وملتان آرٹس کونسل،آر ڈی او کے اشتراک سے چائلڈ رائٹس کمیٹی ملتان کی جانب سے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر سہ روز تقریبات 18نومبر تا20نومبر تک منائی جائینگی۔ان تقریبات کے موقع پر سب بچے،بچیوں کے لیے لازمی تعلیم سے متعلقہ حکومت پنجاب کے قوانین پر عملدر آمد سمیت بچوں کے حقوق،بچوں پر تشدد کے خاتمے،چائلڈ لیبر اور ڈومیسٹک لیبر کے خاتمے سمیت دیگر امور کے حوالے سے آواز بلند کی جائیگی اوراسی طرح بچوں کے ٹائلنٹ کو فروغ دینے اور بچوں کے حوصلہ افزائی کے لیے یہ تین روزہ تقریبات سنگ میل ثابت ہونگی۔ان تقریبات میں بچوں کا میلہ،چلڈرن ٹائلنٹ ہنٹ،عوامی آگہی واک،چائلڈ رائٹس کمیٹی کا سالانہ اجلاس وسفارشات مرتب کرنے کے لیے کنسلٹیشن اورتقسیم انعامات کی تقریبات منعقد ہونگی۔