کوئٹہ،24نومبر (اے پی پی):قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ خطے میں امن قائم کرنے کیلئے پاکستان کا بہت اہم کردار رہا ہے، پاکستان اور فرانس کے درمیان خطے میں معاشی اور تجارتی تعلقات مزید بڑھانے سے صوبہ بلوچستان کے مستقبل پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات فرینچ قونصل جنرل الیکسس چاہتنسکی سے گفتگو میں کیا ، جنہوں نے جمعرات کو یہاں گورنر سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، بلوچستان میں سرمایہ کاری کے نئے اور بالخصوص بلوچستان سیلابوں سے فصلوں اور لائیو سٹاک کو ہونے والے نقصانات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ بلوچستان کے زیادہ تر لوگ زراعت اور لائیو سٹاک سے وابستہ ہیں لیکن حالیہ تباہ کن سیلابوں سے کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، مویشیاں پانی میں بہہ گئے اور اب گندھے پانی سے کئی بیماریاں پیدا ہو رہی ہیں۔ دوبارہ تعمیر و بحالی میں کئی سال لگ جائیں گے۔ اس ضمن عالمی اداروں اور مغربی ممالک کی جانب سے معاونت اور رہنمائی مددگار ثابت ہوگی۔