اسلام آباد،8دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نوازا ہے ۔ اس حوالے سے خصوصی تقریب جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں منعقد ہوئی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ،سینئرفوجی و سول افسران اور سفارت کار بھی موجود تھے۔ صدر مملکت عارف علوی نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو ملک کے لئے ان کی شاندار خدمات پر نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا ۔
جنرل شمشاد مرزا نے 1987 میں انفنٹری بٹالین میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویشن کیا۔ انہوں نے کرین فیلڈ یونیورسٹی برطانیہ سے ایم ایس سی (گلوبل سکیورٹی) کورس میں بھی شرکت کی۔ اپنے شاندار فوجی کیریئر کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مختلف کمانڈ، اسٹاف اور انسٹرکشنل اسائنمنٹس پر خدمات انجام دیں۔ ان کی اہم اسٹاف تقرریوں میں دو انفنٹری بریگیڈز کے بریگیڈ میجر، پاکستان کنٹیجینٹ اقوام متحدہ کے مشن سیرا لیون میں جنرل اسٹاف آفیسر گریڈ-1 (پلانز)، ڈائریکٹر ملٹری آپریشنز اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز، وائس چیف آف جنرل اسٹاف، ایڈجوٹنٹ جنرل اور جنرل ہیڈ کوارٹر میں چیف آف جنرل اسٹاف شامل ہیں۔











