ڈیلی میل کی معافی نے ان تمام جھوٹوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے جنہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف جھو ٹی کہانی سنائی تھی؛امیرمقام

39

پشاور،10دسمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ ڈیلی میل اخبار نے کرپشن کے جھوٹے الزامات پر وزیر اعظم شہباز شریف سے معافی مانگ لی ہے اور مذکورہ صحافی کو فرضی کہانی بھرنے پر ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔

 وہ یہاں پشتہ خرہ چوک میں ڈیلی میل کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف سے کرپشن کے جھوٹے الزامات پر معافی مانگنے کے حوالے سے منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع میں اظہار تشکر کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ڈیلی میل کی معافی نے ان تمام جھوٹوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے جنہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف جھوٹی اورمن گھڑت کہانی سنائی تھی نیشنل کرائمز ایجنسی یوکے نے دو سال کی طویل تحقیقات میں شریف فیملی کے کسی فرد کے خلاف ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں پائی۔

امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان کو مستندجھوٹا قرار دیا گیا ہے، توشہ خانہ کیس کے فیصلے نے عمران خان کی کرپٹ پریکٹس بھی بے نقاب کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تین بار وزیر اعظم رہنے والے کو آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل قرار دیا جا سکتا ہے تو عمران خان کو الیکشن کمیشن کے فیصلوں کے بعد انہی آرٹیکلز کے تحت تاحیات نااہل کیوں نہیں کیا جا سکتا؟انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے ملکی معیشت اور سماجی اقدار کو تباہ کیا اور عوام کو جھوٹے نعروں سے دھوکہ دیا، عمران خان نے نہ غریبوں کےلئے 50 لاکھ گھر بنائے نہ ایک کروڑ لوگوں کو نوکریاں دیں جب کہ اربوں درختوں کا منصوبہ نیب نے اپنے قبضے میں لے لیا۔

 امیر مقام نے کہا کہ عمران فنانشل ٹائمز اور جیو ٹی وی کے خلاف مقدمات درج کرنے میں ناکام رہے جب کہ اس نے عوام کے سامنے ان کا اصل چہرہ بے نقاب کیاعمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سمیت ریاستی اداروں پر بے بنیاد الزامات لگائے اور وہ تمام کام کیے جو بھارت بھی نہ کر سکا، عمران خان غیرجانبداروں کو پسند نہیں کرتے اور ان کی بیک ڈور چینلز سے اقتدار تک پہنچنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے عمران خان کے تمام مذموم منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔

امیرمقام نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے موٹرویز کا جال بچھا کر ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کےساتھ ساتھ 12 ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی ،عمران کی حکومت چند ہفتے مزید چلتی رہتی تو آج ملک دیوالیہ ہو چکا ہوتا،وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کو معاشی نادہندہ ہونے سے بچا کر FATF کی گرے لسٹ سے نکال دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کے پی سمیت تمام سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا  اور بحالی کے کاموں کی نگرانی کی جبکہ عمران نے کے پی اور پنجاب میں بھی سیلاب زدگان کو اکیلا چھوڑ دیا جہاں ان کی جماعت اقتدار کے مزے لے رہی تھی اور فلاپ لانگ مارچ پر توجہ مرکوز کی۔

 انہوں نے کہا کہ مسجد نبوی میں پی ایم ایل این کی قیادت کے خلاف بلا جواز نعرے بازی اور سعودی حکام کی جانب سے مظاہرین کی گرفتاری کے باوجود وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا معاملہ سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ اٹھایا اور ان سب کو رہا کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران کو الیکشن کمیشن کے فیصلوں کے بعد اپنی بدعنوانیوں کا جواب دینا چاہیے اور توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف کی تمام رسیدیں پیش کرنی چاہیے، خیبرپختونخوا کے لوگ پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں اور تبدیلی کے لیے پی ایم ایل این کی طرف دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز واحد جماعت ہے جو عوام کے مسائل حل کر کے ملک کو معاشی خوشحالی کی طرف لے جا سکتی ہے، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ بھی منشیات کے جعلی کیس میں بری ہو گئے اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔