ٹنڈومحمد خان،11 دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ عمران خان اپنی سیاست بچانے کے لئے اسمبلیاں توڑنے کی باتیں کر رہا ہے، تحریک انصاف کسی صورت اسمبلیاں نہیں توڑے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یاد بے نظیر جلسے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر سید نوید قمر نے کہا کہ سندھ کو تقسیم کرنے والا آج تک پیدا نہیں ہوا، نئے صوبوں کے لئے کوئی کمیٹی نہیں بنائی گئی ہے،پیپلز پارٹی سندھ کو کسی صورت تقسیم ہونے نہیں دے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹر قرار دینے کی باتیں کرنے والے اپنے مشن میں ناکام ہوگئے ہیں ، ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے۔
قبل ازیں یاد بے نظیر جلسے سے خطاب کے دوران سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اسے اگر کسی کی فکر اور دلچسپی ہے تو کرسی کی ہے، وہ کرسی کے حصول کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے، عمران خان پہلے کہتا تھا کہ مجھے سازش کے تحت اتارا ہے اب کہتا ہے میرے خلاف سازش ہورہی ہے۔
سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ عمران خان بیرونی ممالک کے سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری سے روک رہا ہے، عمران خان کہتا ہے کہ اگر میں وزیراعظم نہیں تو پاکستان کو کوئی امداد نا دے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔انہوں نے کہا کہ ملک کا آئندہ وزیراعظم جیالا ہوگا۔











