وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے صوبائی وزیر محمد لطیف نذر کی ملاقات ، محکمہ معدنیات کی کارکردگی سے آگاہ کیا

13

لاہور،13دسمبر  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے صوبائی وزیر محمد لطیف نذر نے منگل کو یہاں وزیراعلی آفس میں ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال اور فیصل آباد میں ترقیاتی کاموں پر ہونے والی پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔ لطیف نذر نے وزیراعلی چودھری پرویزالہی کو محکمہ معدنیات کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عام آدمی کے حالات میں بہتری لانا ہے،اللہ تعالی نے جب بھی وزارت اعلی کامنصب دیا،ہمیشہ غریب آدمی کو ریلیف دینے کیلئے خلوص نیت سے کام کیا ہے اور ایسے کام کررہے ہیں جو عوام میرے پہلے دور کی یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ون مین شو کی بجائے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتا ہوں۔

 وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے کہا کہ معیشت مضبوط کرنے کے لئے زمین میں چھپے خزانے بروئے کارلانا ضروری ہے،شعبہ معدنیات کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار شعبہ معدنیات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مائنز اینڈ منرل سیکٹر پر خصوصی توجہ دی ہے، کانوں کی لیز کے حوالے سے یکساں پالیسی اپنائی گئی ہے۔

وزیراعلی چودھری پرویز الہی  نے کہا کہ معدنیات کے شعبے کے پوٹینشل سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ مقامی معدنیات کے استعمال سے انڈسٹری کو فروغ اور روزگار کے مواقع میسرہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مائننگ کے شعبہ سے وابستہ افراد کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔

 صوبائی وزیر محمد لطیف نذر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا سابقہ دور پنجاب کی تاریخ کا ریکارڈ ڈویلپمنٹ کا دور تھا اور اب بھی مختصر مدت میں آپ نے فلاح عامہ کے لئے شاندار اقدامات کئے ہیں۔