کامسیٹس یونیورسٹی کے کوئٹہ کیمپس کا قیام وزیراعظم   شہباز شریف اور سردار اختر مینگل کی تعلیم دوست اقدامات کے تسلسل کی ایک کڑی ہے؛ وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ

42

کوئٹہ،16دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم  محمد شہباز شریف اور سردار اختر جان مینگل کی تعلیم دوست اقدامات کی وجہ سے  آج ہم بلوچستان میں ایک اور سنگ میل عبور کر رہے ہیں، پڑھا لکھا بلوچستان بی این پی کا ہمیشہ سے ویژن رہا ہے، کامسیٹس یونیورسٹی کے کوئٹہ کیمپس کا قیام بھی اس تسلسل کی ایک کڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں کامسیٹس یونیورسٹی کے کوئٹہ کیمپس کے افتتاح  کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کیا۔ انہوں نے اپنے فنڈز سےکامسیٹس کوئٹہ کیمپس کے لئے ہرسال مبلغ2کروڑ روپے کی فراہمی کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے طلباءبہت باصلاحیت ہیں ،  وہ ملک کی ترقی اہم کردار ادا کررہے ہیں، اگران کوٹیکنیکل ایجوکیشن کی سہولیات فراہم کیجائے تو وہ ملک میں ٹیکنیکل میدان میں بھی اپنا لوہا منوائینگے۔انہوں نے کہا کہ  ترقی یافتہ ممالک کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے تعلیم کے میدان میں ترقی ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا ہے  کہ ہماری کوشش ہے کہ مارچ سے کیمپس میں کلاسیس کا آغاز کردیا جائے،بلوچستان نیشنل پارٹی صوبے کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہونے کے ناطے بلوچستان کو ترقی کے میدان میں پاکستان کے باقی صوبے کے برابر لانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے، پی ایس کیو سی اے، پاکستان حلال اتھارٹی، اور پی سی ایس آئی آر کے دفتروں کا قیام بھی ہماری مرہون منت ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے یونیورسٹی آف بلوچستان میں ایک ارب کی لاگت سے آئی ٹی پارک کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شہناز نصیر بلوچ، ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد محمد تبسم، چیئرمین پی سی ایس آئی آر سید حسن عابدی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

 افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان پروفیسر ڈاکٹرشفیق الرحمان، وی سی تربت یونیورسٹی ڈاکٹر جان محمد بلوچ، وی سی ایس بی کے یونیورسٹی ساجدہ نورین اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ تقریب کے آخر میں مختلف شخصیات کو اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں۔