سیالکوٹ، 16 دسمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی کی زیر صدارت جمعہ کو یہاں ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈی پی او فیصل کامران ، اے ڈی سی جی شاہد عباس ، اے سی سیالکوٹ سفیان دلاور ، ممبران حافظ اصغر چیمہ، علامہ محمد ایوب، علامہ کفایت اللہ شاکر ، بشپ سراج مسیح، شمشاد پرویز، و دیگر نے اجلاس سے اظہار خیال کیا ۔
ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان اور آئین پاکستان کے مطابق اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے،ضلعی انتظامیہ کرسمس کے موقع پرسیالکوٹ میں بسنے والے مسیحی برادری کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر چاروں تحصیلوں میں کرسمس بازار لگائے جائیں گے، اسسٹنٹ کمشنرز اور بلدیاتی اداروں کے چیف آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کرسمس کے موقع پر چرچوں میں صفائی ، لائٹنگ کے انتظامات یقینی بنائے جائیں نیز روٹس پر پیچ ورک کیا جائے، چرچوں میں کرسمس کیک ضلعی انتظامیہ فراہم کرے گی اور افسران خود بھی کیک کاٹنے کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ تیجا سنگھ مندر کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے دیواروں پر خاردار تاریں لگائی جائیں، مسیحی برادری کو قبرستان کے لیے جگہ کی فراہمی کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل کامران نے کہا کہ کرسمس کے موقع پرضلع بھر میں چرچوں کی سکیورٹی کے لیے جامع پلان تشکیل دے دیا گیا ہے،اس موقع 814 افسران و جوان تعینات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ گزشتہ برسوں سے بہتر سکیورٹی فراہم کی جائے ۔
کمیٹی کے ممبران حافظ اصغر چیمہ ، علامہ ایوب ، مفتی کفایت اللہ شاکر ، بشپ سراج مسیح، شمشاد پرویز ، پنڈت رتن لال، سردار جسکرن سنگھ و دیگر ممبران نے بھی اظہار خیال کیا اور ضلعی انتظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔











