محکمہ سوشل ویلفیئرکے انسداد بیگری سکواڈ نے گزشتہ ماہ441 بھکاریوں کیخلاف کارروائی کی،ڈپٹی ڈائریکٹر

10

فیصل آباد۔9جنوری  (اے پی پی):محکمہ سوشل ویلفیئرفیصل آبادکے انسداد بیگری سکواڈ نے گزشتہ ماہ دسمبر میں 441 بھکاریوں کو تحویل میں لیکر ان کیخلاف کارروائی کی تاکہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر فیصل آباد آمنہ عالم نے پیر کو اے پی پی سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ہم پنجاب اور ضلعی حکومت کے ساتھ مل کرپیشہ ور اور عادی بھکاریوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر بھرپوراقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرفیصل آباد عمران حامد شیخ نے محکمہ سوشل ویلفیئر،پولیس اور سول ڈیفنس کے اہلکاران پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو بھکاریوں کو تحویل میں لیکر جنرل بس سٹینڈ پناہ گاہ منتقل کرتی ہے جہاں پر ان کا باقاعدہ اندراج کیا جاتا ہے اور اسکے بعد پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف پولیس ایف آئی آرز درج کرتی ہے تا کہ ان کی سرکوبی کی جا سکے۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ دسمبر 2022 میں انہوں نے 441 بھکاریوں کو تحویل میں لیکر انکے خلاف کارروائیاں کیں۔آمنہ عالم نے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر روزانہ کی بنیاد پر اینٹی بیگری کارروائیوں کی رپورٹ ضلعی حکومت کو بھیجتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کیلئے رجسٹرڈ این جی اوز کے ساتھ مل کر اینٹی بیگری واکس، سیمینارز منعقد کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس حوالے سے میڈیا کا کردار بہت اہم ہے کہ وہ بھی لوگوں کو آگاہی دے کہ عوام پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی اور مذمت کریں کیونکہ ہم سب کو مل کر ہی اس ناسور کا قلع قمع کرنا ہو گا۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ بھکاریوں کو کارآمد اور ذمہ دار شہری بنانے کیلئے حکو مت بیگرز ہوم اور بحالی مراکز بنانے کی تجاویز پر کام کر رہی ہے۔