لاہور۔12جنوری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت جمعرات کو مشاورتی اجلاس منعقدہوا،سپیکر پنجاب اسمبلی محمدسبطین خان،صوبائی وزیر راجہ بشارت، ایم این اے حسین الہی نے شرکت کی۔ مشاورتی اجلاس میں سیاسی منظرنامے پر گفتگوکی گئی۔عمومی صورت حال کا جائزہ اور آئندہ کی حکمت عملی پر غورکیاگیا۔ مشاورتی اجلاس میں اسمبلی میں وزیر اعلی چودھری پرویز الہی پر اظہار اعتماد کرنے والے ارکان اسمبلی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔وزیراعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب نے ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم واپس لے کر ہمارے موقف کی تائید کی۔گورنر پنجاب کے نوٹیفکیشن واپس ہونے سے اعتماد کے ووٹ کی کارروائی موثر ہو گئی۔سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے آئین وقانون کے مطابق اعتماد کے ووٹ کی کارروائی مکمل کی۔صوبائی وزیر راجہ بشارت نے کہا کہ گورنر نے اعتماد کے ووٹ کی قانونی حیثیت تسلیم کرتے ہوئے ڈی نوٹیفکیشن کا حکم نامہ واپس لے لیا۔