لاہور۔12جنوری (اے پی پی):محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال میانوالی مریضوں کے لئے 16 جنوری سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس سلسلہ میں ایک اعلی سطحی اجلاس سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال میانوالی کا او پی ڈی 16 جنوری سے مریضوں کے لئے کھول دیا جائیگا۔اجلاس میں میانوالی مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے تمام شعبوں کو جلد فعال کرنے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ اوپی ڈی میں تمام کنسلٹنٹ، گائناکالوجسٹ اور پیڈز سپیشلسٹ ڈیوٹی انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کے دیگر شعبہ جات بھی تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ میانوالی کی عوام کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے صحت کے شعبہ میں یہ انقلابی اقدام ہے۔ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ اوپی ڈی کے کھلنے کے 2-3 دن بعد میانوالی ہسپتال کا دورہ کروں گا اور تمام طبی سہولیات کا خود جائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں پر تعمیراتی کام تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے۔اجلاس میں آئی ڈیپ کے نمائندہ افسران کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں سپیشل سیکرٹری ڈیویلپمنٹ ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، ایڈیشنل سیکرٹری ڈیویلپمنٹ محمد سجاد، سی اینڈ ڈبلیو کے افسران اور انڈس ہسپتال کے صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر تسمان ابن رسا بھی موجود تھے۔