چیئرمین سینیٹ  محمد صادق سنجرانی کا چین کے سفیر  نونگ رونگ  کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ

12

اسلام آباد،13جنوری(اے پی پی):چیئرمین سینیٹ  محمد صادق سنجرانی نے چین کے سفیر نونگ رونگ کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیا۔ اس موقع پر ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئر مین سینیٹ نے پاک۔چین تعلقات کو نئی جہتوں تک پہنچانے میں چین کے سفیر نونگ رونگ کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاک۔چین دوستی پوری دنیا کے لئے ایک مثال ہے، پاک۔چین دوستی ہمیشہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں دوست ممالک میں تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ چین۔پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ چین کی طرف سے پاکستانی عوام کے لئے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران ریلیف اور بحالی کے لئے چین نے بڑھ چڑھ حصہ لیا،پاکستانی قوم اس فراخدلانہ امداد  پر چین کی عوام اور حکومت کی شکرگزار ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نونگ رونگ نے چیئرمین سینیٹ کے تاثرات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت اور عوام کو بھی پاکستان کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے،  چین  پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ  دونوں ممالک نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی فورم پر ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی ہے۔