اٹک،17 جنوری (اے پی پی): ریسکیو 1122نے برٹش پاکستانی کی گمشدہ رقم اور قیمتی اشیاء واپس کر دیں۔ ریسکیو 1122 تحصیل حضرو کے انچارج منیب قریشی کو برق (مدنی) چوک اٹک سے ایک بٹوہ ملا جس کے اندر 210 برطانوی پاؤنڈز(پاکستانی مالیت 60000روپے)، برطانوی ڈرائیونگ لائسنس، بنک ATMاور ضروری کاغذات تھے، مالک کے متعلق معلومات حاصل کرنے پر پتہ چلا کہ خورشید نامی شخص جو کہ راولپنڈی کا رہائشی تھا چند روز قبل اٹک عزیز کی شادی میں آیا ہوا تھا اور اس وقت وہ انگلینڈ کے شہر بریڈفورڈ میں موجود ہے رابطہ ہونے پر مالک نے حیرت انگیز خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تو ان چیزوں کو کھو چکا تھا اور اسے ان چیزوں کے واپس مل جانے پر یقین نہیں ہو رہا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسین کی ہدایت پر منیب قریشی نے ملنے والا بٹوہ خورشید علی کی طرف سے ان کے کزن جنید کو ریسکیو 1122 سنٹرل سٹیشن اٹک میں ان کے حوالے کیا جس پر انہوں نے ریسکیو 1122 کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خدمت اور دیانت میں ریسکیو 1122 کا کوئی ثانی نہیں۔
چیئرمین چھچھ محافظ کمیٹی نثار علی خان نے منیب الرحمٰن قریشی کے اس اقدام کو سراہا ہے۔