ترکیہ سے آنے والوں کیلئے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز،ہلال احمرکیجانب سے تین افراد کو رکشے، ایک کو نقد امداد دی گئی

19

اسلام آباد،17 جنوری (اے پی پی ): ترکیہ میں غیر قانونی مقیم پاکستانیوں کی واپسی اور انہیں روزگار کے لئے مدد سے متعلق پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلی تقریب ہلال احمر نیشنل ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی، جس میں ترکیہ  سے رضاکارانہ طور پر پاکستان واپس آنے والے دو افراد کو ذریعہ معاش کے لئے لوڈررکشے  فراہم کئے گئے جبکہ ایک فرد کی نقد مالی مدد اور ایک فرد کو چنگ چی رکشہ دیا گیا۔

ہلال احمرپاکستان اور ہلال احمر ترکیہ کے باہمی اشتراک سے “پوسٹ ریٹرن لائیولی ہڈ سپورٹ پراجیکٹ”کے تحت ذرائع معاش سے مستفید ہو نے والوں میں فیصل آباد کے رہائشی ضیا الرحمان اور گجرات کے رہائشی روحیل شہزاد،سرفراز گلفام،مرزا صائم بیگ  شامل ہیں۔اس پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 200 افراد مستفید ہوں گے۔150 افراد کو مالی مدد دی جائے گی جب کہ 50 افراد کو زرائع معاش جیسا کہ باربر شاپ کا قیام،چنگ چی یا لوڈر رکشہ کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی تا کہ وہ اپنے کنبے کی کفالت کر سکیں۔

اس موقع پر ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ سال 2021 میں ہلال احمر پاکستان اور ہلال احمر ترکیہ کے مابین  معاہدہ طے پا چکا ہے جس کے مطابق پاکستانی غیر قانونی تارکین کی واپسی میں باہمی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات کئے جائیں گے۔رضاکارانہ طور پر واپس ہونے والوں کو ان کے پاوں پر کھڑا ہونے کے لئے مالی مدد کی جائے گی۔اس وقت ترکیہ میں  اڑھائی لاکھ غیر قانونی تارکین وطن میں سے  50248 کا تعلق پاکستان سے ہے۔ انہوں نے رضاکارانہ طور پر پاکستان واپس آنے والے ہم وطنوں کو مبارک باد بھی دی۔

  سردار شاہد احمد لغاری نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ دونوں اداروں کا اشتراک آنے والے دنوں میں باہمی تعاون کی نئی رائیں کھولے گا۔اس منصوبہ کو طویل المدتی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔غیر قانونی ہجرت کے خلاف بھر پور آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔

اس موقع پر ترکیہ کے مہمانوں کویادگاری شیلڈز اور سوینیئر بھی پیش کئے گئے۔ سیکرٹری جنرل ہلال احمر جناب عبید اللہ خان،ہلال احمر ترکیہ کے پاکستان میں ہیڈ آف ڈیلیگیشن حافظ ایک، ابراہیم کارلوس ودیگر اور  پوسٹ ریٹرن لائیولی ہڈ سپورٹ پراجیکٹ کے افسران، عملہ اور رضاکار بھی موجود تھے۔