لاہور۔17جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ مصنف سجاد پرویز نے اپنے فن کا ہمیشہ لوہا منوایا،کتاب کی اشاعت میں اسلامیہ یونیورسٹی کی خدمت قابل تعریف ہے، کتاب نسلوں کی آبیاری کرتی ہے، قرآن پاک کا پہلا لفظ اقرا بھی پڑھنے سے تعلق رکھتا ہے۔وہ منگل کے روز یہاں گورنر ہا ئوس میں مصنف سجاد پرویز کی کتاب بائیس لوگ کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشرے میں نا شائستگی ماضی کی سیاست سے ہے،آج ای بک کا دور ہے، معاشرے میں کمی کے ساتھ ساتھ اچھائی کی کرنیں بھی موجود ہیں،جیسے کراچی میں کتاب میلا ہوا جس میں پائوں رکھنے کی جگہ نہیں تھی جس میں ہر طرح کی کتاب موجود تھی،اقوام عالم میں ہم کتب بینی کے حوالے سے بہت پیچھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس میں لائبریری کو بڑھایا ہے ،جب وزیر تعلیم تھا تب بھی لائبریری کو موثر بنایا تھا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سجاد پرویز نے جس محنت سے انٹرویو کئے ہیں اس سے لوگوں کو ریسرچ میں مدد ملے گی اور اس طرح کی کاوشیں ہوتی رہنی چاہئیں کیونکہ دنیا بھر کی یونیورسٹیاں اشاعت کا کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی مصروفیت کے باوجود آج یونیورسٹیوں کے چانسلر کی حثیت سے تمام جامعات سے مشاورت ہو رہی ہے کہ کس طرح تعلیم کے معیار کو بہتر کرنا ہے،نئے اساتذہ کی پہلے ہی ٹریننگ ہونی چاہیے اس حوالے اسلامیہ یونیورسٹی مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے یہ ٹریننگ شروع کر دی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ بہاولپور صوبہ ہمارا درینہ مطالبہ ہے، میں ابھی بھی سمجھتا ہوں کہ جنوبی پنجاب صوبہ ہونا چاہیے، یہ ایک آئینی کام ہے جس کا ن لیگ میں اتفاق پایا جاتا ہے،جب بھی دو تہائی اکثریت ملی تو اس طرف کام بڑھائیں گے۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارے بزرگ حفیظ رحمان نے دیوان غلام فرید اور قرآن پاک کا پہلا سرائیکی ترجمہ اور پہلا پرنٹنگ پریس بنایا۔اس موقع پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر اطہر محبوب نے کہا کہ بائیس لوگ کی گورنر ہائوس میں تقریب رونمائی خوشی کی بات ہے،یہ کتاب ان شخصیات کے انٹرویوز پر مشتمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب کا تعلق خود تعلیمی گھرانے سے ہے جن کے اجداد نے خواجہ غلام فرید کے کلام کو پہلی دفعہ کتابی شکل میں نواب آف بہاولپور کے کہنے پر تیار کیا ۔اس موقع پر آمنہ مفتی، فرزانہ عاقب ،امجد علی کلیار، مجیب الرحمان شامی نے بھی خطاب کیا ۔