سکھر،31جنوری(اے پی پی): النافی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے شدید سردی کے موقع پر سکھر کے مختلف علاقوں میں گرم کپڑے، شالیں، جیکٹیں بچوں کے لیے گرم لحاف اور کمبل مستحق لوگوں میں تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر مستحقین نے شکریہ ادا کیا اور استدعا کی کہ اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے تا کہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند مستفید ہو سکیں۔
اس موقع پر ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین مفتی محمد رضوان موٹلانی کا کہنا تھا کے بے سہارا اور غریب خاندانوں کے درمیان خدمت خلق کے جذبے سے موسم سرما میں گرم کپڑے تقسیم کرنا کارخیر کے ساتھ ساتھ انسانی فریضہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں جاری سرد لہر اور برفانی ہواﺅں کے چلنے سے عام زندگی کی رفتار سست پڑگئی ہے، محنت و مزدوری کرنے والے گرم کپڑوں کے نہ ہونے کی وجہ سے کافی پریشانی و اضطراب کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے انسانی صحت پر منفی اثرات پڑرہے ہیں بچے بوڑھے اور عورتیں خاص طورپر سردی کی اس لہر کا نشانہ بن رہے ہیں۔