جلال پورپیروالہ،یکم فروری(اے پی پی ):اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ نے اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے ہمراہ ملتان روڈ، چوک فوارہ پر قائم تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا اس دوران سڑک کنارے کھڑی ہتھ ریڑھیاں، پھٹے اور فٹ پاتھ پر موجود متعدد دکان داروں کے قیمتی سامان کو ضبط کر لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سڑک سرکار کی ملکیت ہے جس پر قبضے کی کسی کو اجازت نہیں، ہماری ٹیم نےتجاوزات قائم کرنے والوں کیخلاف کارروائیوں کا تسلسل برقرار رکھا ہوا ہے اور آئندہ بھی بلاتفریق کارروائی جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ جو سامان ضبط کیا گیا ہے اسے جرمانوں کی ادائیگی کے بعد ان کے مالکان کو واپس کردیا جائے گا اور ریڑھی والوں کیلئے ہم نے چوک فوارہ کے قریب علیحدہ جگہ مختص کردی ہے، دکان داروں کو اس بارے نوٹس جاری کیے جائیں گے، نوٹس کے باوجود اگر کسی دکان دار نے ناجائز تجاوزات قائم کی تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائینگے ۔