سیالکوٹ،5فروری (اے پی پی):سیالکوٹ ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کچہری چوک میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا اور ریلی نکالی گئی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ سید ذیشان رضا نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں اور بھارتی تسلط سے آزادی کی تحریک کی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو باہمی اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کررہی ہے، مہذب دنیا کو چاہیئے کہ وہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ شاہد عباس نے بھی اس تقریب سےخطاب کیا اور کہا کہ کشمیر کی آزادی کا واحد حل استصواب رائے ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کشمیر کی آزادی کی تحریک کو کچلنے کیلِئے مہلک ہتھیار استعمال کررہی ہےجو انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر کے حق میں منظور شدہ اپنی قرار دادوں پر عمل کروائے۔
تقریب سے قبل مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سائرن بجائے گے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔تقریب کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی و کشمیر کے پرچم اور کشمیر کی آزادی کے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
تقریب کا آغاز قومی ترانہ سے کیا گیا اورکشمیری ترانہ بھی پڑھا گیا۔ سکولوں کے بچوں نے تحریک آزادی کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔
یوم یکجہتی کشمیر کی اس مرکزی تقریب میں ہندو اور کرسچن کمیونٹی کے مذہبی پیشوائوں نے بھی خطاب کیا ۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔
ریلی کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے دعا بھی کی گئی۔
ڈی پی اوسیالکوٹ سید ذیشان رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہدعباس، اے سی سفیان دلاور، سی ای او ایجوکیشن طارق راٹھور، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر احمد ناصر، سی او ایم سی ایس فیصل شہزاد سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور ملازمین نے کثیر تعداد میں اس تقریب اور ریلی میں شرکت کی۔