ملتان، 05 فروری(اے پی پی): کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان ڈاکٹر راؤ امجد علی خان نے کی ۔
نشتر ایڈمنسٹریشن بلاک سے شروع ہونے والی واک نشتر ٹاور پر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے یکجہتی کے پیغامات درج تھے۔
شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا کر کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بھی لگائے اور بھارتی قابض فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
اس موقع پر ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان ڈاکٹر راؤ امجد علی خان کا کہنا تھا کہ حق خودارادیت کے حصول تک ہر محاذ پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھی جائے گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ہر پاکستانی کی طرح ہم ڈاکٹر کمیونٹی بھی مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کا تحفظ ہر پاکستانی کا فرض ہے۔
اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر علی مہدی، اے ایم ایس ڈاکٹر علی رضا، نرسنگ سپرنٹینڈنٹ نشتر ہسپتال اور ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر زاہد سمیت انتظامی افسران، سینئر فیکلٹی، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔