بہاولپور،5 فروری(اے پی پی):پریس کلب بہاولپور کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر ناصر حمید اور اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر فیصل احمد نے کی۔
مقررین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خودارادیت کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رہے گی۔ پوری پاکستانی قوم بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کے لیے کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
تقریب میں مختلف سکولوں کے طلباء نے مسئلہ کشمیر پر تقاریر، ٹیبلوز اور خاکے پیش کئے۔ تقریب سے جنرل سیکرٹری پریس کلب راحیل طاہر، فنانس سیکرٹری سہیل احمد پاشی، سینئر صحافی خالد ضمیر نے بھی خطاب کیا۔