ملتان، 6 فروری(اےپی پی): آسٹریلین ہائی کمشنر مسٹر نیل ہاکنز نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفرسے ملاقات کی۔
پولیٹیکل سیکرٹری مائری رابرٹسن بھی ہائی کمشنر کے ہمراہ تھیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے ملاقات میں جنوبی پنجاب کی پرفائل بارے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اس خطے میں ترقی کی رفتار تیز کرنےکے لئے قائم کیا گیا ہے اور گزشتہ دو سال کے عرصہ میں انفراسٹرکچر کی تعمیری میں بہت تیزی آئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں آنیوالے سیلاب میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔اس کے علاوہ ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی مانیٹرنگ سے پبلک سروس ڈیلیوری میں بہت بہتری آرہی ہے۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں منفرد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ خطہ ملک کی خوراک کی ضروریات پوری کرنے میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب کا تاریخی اور ثقافتی ورثہ کے حوالے ایک بڑا مقام ہے اور اس خطے میں سیاحت کے نقطہ نظر سے بڑا پوٹینشل موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کو پوری دنیا میں پہچان ملی ہے۔آسڑیلین ہائی کمشنر نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی ورکنگ میں گہری دلچسپی لی اور ملتان میں ٹرانسجینڈر سکول کے قیام کی بے حدتعریف کی۔انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا پاکستان میں ہائبرڈ بیج کی تحقیق کے حوالے سے معاونت فراہم کررہا ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں کھارے پانی کے مسلہ کے حل کے لئے بھی تکنیکی مدد فراہم کی جائے گی۔