حکومت دہشتگردی اور معیشت کے مسائل پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے، امیر مقام

16

کراچی۔6فروری  (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور اور قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور معیشت دو بڑے مسائل اور حکومت ان پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے ۔یہ بات انہوں نے اردو لغت بورڈ کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔قبل ازیں انہوں نے ادارے  کے باغیچے میں پودا لگایا اور اردو لغت بورڈ،کراچی کی نوتعمیر وتزئین شدہ عمارت کا افتتاح کیا اور عمارت کے مختلف حصوں کا جائزہ بھی لیا۔بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ نہیں کرنا چاہئے ، اگر ادارے خواہش کے مطابق کام کریں تو کہتے ہے بہت اچھے لیکن قوم کے مفاد میں کام کریں تو پھر ہمیں قابل قبول نہیں،یہ رویہ ترک کرنا چاہئے۔ امیر مقام نے مزید کہا  کہ حالیہ دھماکے کے بعدپشاور میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس واقعہ کے بعد جو عزم تھا آج بھی ہمارا وہی عزم ہے کہ  ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔وزیراعظم کے مشیر نے شہر قائد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے،اس شہر کی بہت اہمیت ہے،کراچی چلتا ہے تو پورا ملک چلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی پورے پاکستانیوں کا شہرہے، مختلف علاقوں سے لوگ آتے ہے ،ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس شہر کی بہتری کے لئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس شہر میں بھی امن امان کی صورتحال بہت خراب تھی ،ہمیں خوشی ہے کہ نوازشریف کی لیڈرشپ میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے مل کر اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف کے دو ٹوک فیصلہ کہ کراچی میں امن ہونا چاہئے کے لئے کام کیا اور شہر میں امن قائم ہوگیا اور روشنیاں بحال ہوگئ۔امیر مقام نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے دور میں سسٹم میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا اگر یہ اضافہ نہ کیا ہوا ہوتا تو آج کتنا سنگین مسئلہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اردو ڈکشنری بورڈ ،بلڈنگ کی حالات بہت خراب تھی،ہم نے فنڈز دئے ،تزئین و آرائش ہوگئ اور آج افتتاح بھی ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ کتابوں کا ذخیرہ موجود ہے،عوام کو بھی اس سے استفادہ کرنا چاہئے۔ہم بہتری کے لئے کوشاں ہے اور جتنا ممکن ہوا ہم بہتری کے لئے کام کریں گے۔ قبل ازیں مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے مزار قائد منیجمنٹ بورڈ میں میوزیم کی تزئین و آرائش کے حوالے سے بریفنگ اجلاس کی صدارت کی ،جہاں حکام نے مشیر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔