اسلام آباد،07فروری(اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم، سیکورٹی فورسز اور افواج نے دہشت گردی کا جیسے مقابلہ کیا دنیا میں کہیں اس کی مثال نہیں ملتی، حکومت، افواج اور عوام مل کر دوبارہ دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں پولیس لائنز دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صدر مملکت نے دھماکے کے زخمیوں کے احوال بارے طبی عملے اور انتظامیہ سے تفصیلی بات کی۔ انہوں نے زخمیوں سے اظہارِ یکجّہتی کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے دھماکے میں بچ جانے والی واحد خاتون زخمی کی بھی عیادت کی اور واقعے میں خاتون کے خاندان کے افراد کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا۔
صدر مملکت نے زخمیوں کو دی جانے والی طبی امداد پر اطمینان کا اظہارکیا اور کہا کہ پولیس لائنز دھماکہ ایک تکلیف دہ اور گھناؤنا واقعہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا ملک سے مکمل قلع قمع کریں گے اور حکومت، افواج اور عوام مل کر دوبارہ دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ میری آمد میں تاخیر کی وجہ امدادی سرگرمیوں میں خلل کا باعث نہ بننا ہے،دکھ کی اِس گھڑی میں شہداءکے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اورزخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت، انتظامیہ اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی جانب سے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جن افراد نے دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھویا ان کے نقصان کا ازالہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہدا ءکے لواحقین اور زخمیوں کیلئے امداد خوش آئند ہے۔