بہاولنگر؛ ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور رفتار کار سے متعلق اجلاس،91 سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

21

بہاولنگر،07 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سلمان خان لودھی کی زیر صدارت ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور رفتار کار سے متعلق جائزہ اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کی مجموعی طور پر 91 سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر ڈویلپمنٹ سکیموں کا کام 38فیصد تک مکمل کردیا گیا ہے اور رواں ماہ کے اختتام تک ان کو 50 فیصد مکمل کیا جائے گااور اہداف کے مطابق منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

 اجلاس میں 6 ارب 3 کروڑ پچاسی لاکھ روپے کی لاگت سے بہاول نگرمدر اینڈ چائلڈ ہسپتال میگا پراجیکٹ کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ڈویلپمنٹ اجلاس میں سکول ایجو کیشن کی 6، ہائر ایجوکیشن کی 5،سپورٹس کی 4،سپشلائزڈ ہیلتھ کیر کی 1،پرائمر ی اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی 8، واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کی 18،سوشل ویلفئیر کی 1،لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی 4، روڈز کی 25، انہار کی 4، پبلک بلڈنگز کی 11، ریسکیو 1122کی 1سکیم سمیت پلاننگ اینڈ ڈویلپمینٹ کی 2 ترقیاتی سکیموں پر جاری کا م کا جائزہ لیا گیا۔

 ڈپٹی کمشنر بہاول نگر سلمان علی خان اجلاس میں کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے جس کیلئے متعلقہ محکمے تمام وسائل بروئے کار لائیں، ترقیاتی کاموں کے معیار او ر شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے اور جلد از جلد ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی وہ خود نگرانی کریں گے اور متعلقہ ایکسین اپنی تمام سکیموں کا دورہ کرکے ہر ہفتے کی پراگراس رپورٹ پیش کریں۔انہوں  نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار پر خصو صی توجہ دی جائے اگر کسی بھی جگہ پر کوئی کمی،کوتاہی یا غفلت پائی گئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ احمد سلیم چشتی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ ڈپٹی ڈائر یکٹر ڈویلپمنٹ عمران علی اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔