لاہور،10فروری (اے پی پی):لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عامر احمد خان نے مین بلیوارڈ علامہ اقبال ٹاؤن،مون مارکیٹ کے اطراف کا دورہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایا ت دیتے ہوئے کہا کہ مین بلیوارڈ علامہ اقبال ٹائون کے دونوں اطراف غیر قانونی تجاوزات کو ختم کیا جائے۔پارکنگ ایریاز میں بنی دیواریں،تجاوزات و دیگر املا ک فوری طور پر ہٹائی جائیں۔48 گھنٹوں میں تجاوزات نہ ہٹانے کی صورت میں ایل ڈی اے حکام تجاوزات خود ہٹائیں۔مون مارکیٹ میں موجود پارکنگ پلازہ کے استعمال کو فروغ دیا جائے۔ سروس روڈ پر نو پارکنگ بورڈز لگائیں، پارکنگ ایریاز کو صرف پارکنگ کے لیے استعمال کیا جائے۔ مین بلیوارڈ پر موجود ریستوران، فوڈ پوائنٹس ، گراسری سٹور اور برینڈز پارکنگ ایریا کو صرف پارکنگ کے لیے استعمال کریں۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر اس سڑک کو بھی ماڈل سڑک بنایا جا رہا ہے۔ مین بلیوارڈ علامہ اقبال ٹائون اور ڈاکٹر ہسپتال سے ایکسپو سنٹر تک روڈ کو ہر لحاظ سے ماڈل شاہراہ بنایا جائے گا۔ ٹریفک ،ایم سی ایل، ٹیپا اور پی ایچ اے سڑک کی خوبصورتی و ری ماڈلنگ کا ڈیزائن تاجر کمیونٹی سے مل کر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول اور رش کے اوقات میں ٹریفک مینجمنٹ کا موثر پلان تشکیل دیا جائے۔ تاجر برادری اور کاروباری حضرات کے تعاون سے ہی شہریوں کی سہولت کے اقدام ممکن ہیں۔مون مارکیٹ کے اطراف میں لیسکو کے پولز،بجلی و دیگر تاروں کو منظم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے کی جانب سے معظم علی شاہ کیس میں لاہور کی 9 اہم شاہراہوں کو ماڈل سڑک بنانے کا عمل جاری ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی ہائوسنگ صفی اللہ گوندل ، چیف انجینئر ون اسرار سعید خان، چیف ٹائون پلانر اسدالزمان ،ڈائریکٹر لینڈ ایکوزیشن سمیرا علی خان ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ ٹو سلمان محفوظ، ڈائریکٹر انفورسمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر لاقاسم بھٹی ،ٹیپا ، پی ایچ اے، ایم سی ایل اور ٹریفک پولیس کے افسران بھی موقع پر موجود تھے۔