لاہور،10فروری(اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو یہاں وزیراعلی آفس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کور کمانڈر لاہور،اعلی عسکری وسول حکام نے شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں پولیس لائنز پشاورحملے کی شدید مذمت کی گئی اورخیبر پختونخواکے عوام اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر پیشرفت اور سیف سٹی پراجیکٹ سمیت سکیورٹی کی مجموعی صورتحال ،پی ایس ایل ٹورنامنٹ، مردم شماری اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی کے موثر انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیاگیا کہ دہشت گردی کو شکست دینے اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور جذبے اور ہم آہنگی سے اقدامات جاری رکھیں جائیں گے۔