اوکاڑہ،11فروری(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم ترکیہ کے ساتھ کھڑی ہے، ترکیہ اور شام میں زلزلہ کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان پر ہم رنجیدہ ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادارانہ تعلقات ہیں ترکی اور شام میں شدید زلزلے سے ہونے والی تباہی پر ہم گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی اور شام میں زلزلہ متاثرین کی امداد کے سلسلہ میں انجمن تاجران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر تاجر تنظیموں کے نمائندوں،ضلعی افسران،عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے مخیر حضرات سے پر زور اپیل کی کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ترکیہ کی بھر پور مدد کریں تاکہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکہ اور شامی بھائیوں کی مدد کے لئے ہر شخص آگے آئے اور مدد کرنے کا اصول اپناتے ہوئے ہر شہری ترکیہ اور شامی بھائیوں کی مدد کے لئے اپنا حصہ ڈالے۔
اس موقع پر مخیر حضرات نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔صدر مرکزی انجمن تاجران شیخ ریاض انور،صدر سبزی منڈی چوہدری محمد اشرف،جنرل سیکریٹری مرکزی انجمن تاجران عبد الوحید بھلر،میاں عبد الرشید بوٹی و دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاکستان میں سیلاب کی تباہی سے متاثرہ لوگوں کی کھلے دل سے مدد کی گئی اس سے بھی بڑھ کر ہم ترکیہ اور شام کے لوگوں کی مدد میں کوئی کس نہ چھوڑیں گے ترکی میں زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے ہم ان کے ساتھ ہیں اور ان کی مدد کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے مخیر حضرات کے جذبہ کو سراہا اور ان سے پر زور اپیل کی کہ ترکی اور شامی لوگوں کی مدد کے لئے کمبل،کپڑے،ٹینٹ،راشن بیگ اور نقد رقم اکٹھی کی جائے تاکہ جلد از جلد یہ مدد ترکی بھجوائی جا سکے۔