وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس  ،  ضمنی مالی بل 2023 کی منظوری

16

اسلام آباد،14فروری  (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے ضمنی مالی بل 2023 کی منظوری دے دی،یہ بل بدھ کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر بڑے پیمانے پر سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنائی جارہی ہے جس کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔اپنے ذرائع آمدنی کے اندر رہتے ہوئے ہم معاشی مشکلات پر قابو پاسکیں گے۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ نے فنانس سپلیمینٹری بل 2023 کی منظوری دے دی،یہ بل کل پارلیمنٹ میں پیش کیا جارہا ہے۔

اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعظم  نے کہا کہ حکومتی سطح پر بڑے پیمانے پر سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنائی جارہی ہے جس کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا،اپنے ذرائع آمدنی کے اندر رہتے ہوئے ہم معاشی مشکلات پر قابو پاسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا خمیازہ اس وقت 22کروڑ عوام بھگت رہی ہے۔ہم نے مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا اور ریاست کو بچانے کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سادگی اور کفایت شعاری کے نام پر کھوکھلے نعروں سے گزشتہ حکومت نے عوام کو دھوکے میں رکھا۔انہوں نے ہدایت کی کہ بھرپور کوشش کی جائے کہ غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، لگژری آئٹمز پر ٹیکس بڑھانے کے لیے فوری اقدامات  کئے جائیں۔

وفاقی کابینہ نے ترکیہ زلزلہ متاثرین فنڈ کا نام ترکیہ اور شام زلزلہ متاثرین فنڈ رکھنے کی منظوری دے دی۔وزیراعظم نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے قائم کیے گئے ریلیف فنڈ میں تمام پاکستانیوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے بڑے پیمانےپر تباہی اور ہزاروں افراد کی اموات پر گہرا  دُکھ اور افسوس ہے،ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جو تباہی ہوئی ہے اُس کی عصرِ حاضر میں کوئی مثال نہیں ملتی،ترک صدر  اور شام کے وزیراعظم سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے جس میں انہوں   نے اُنہیں یقین دلایا کہ پاکستان  ترکیہ اور شام کے زلزلہ میں متاثر ہونے والے اپنے بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے امدادی سامان جن میں خیمے، کمبل، گرم کپڑے اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں ترکیہ اور شام کے لیے روانہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مزید سامان بھی روانہ کیا جارہا ہے،پاکستان کی فضائیہ،  ریسکیو اہلکار،  این جی اوز  اور مخیر حضرات امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

 وفاقی کابینہ کو   عالمی مالیاتی فنڈ کے نویں جائزے کے تناظر میں کی جانے والی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 10 فروری 2023 اور13 فروری 2023  کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسزکے9 فروری 2023 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی  بھی توثیق کردی۔ اجلاس کے آغاز میں مشیر وزیراعظم احد چیمہ کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی ہوئی۔