اسلام آباد،21فروری(اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے موجودہ حکومت نے کئی پروگرام شروع کئے ہیں، نوجوانوں اور خواتین کا ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ہے، ان کو اپنے کاروبار کے سازگار مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”مستقبل کے معمار” کے عنوان سے نوجوان سٹارٹ اپس کے مقابلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں، نوجوان ملک کے مستقبل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا تعمیری سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو روایتی روایتی اور غیر روایتی مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ملک بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے، ہاکی کے ٹرائل میں 12 ہزار نوجوانوں نے حصہ لیا، اب کل سے ملک بھر میں فٹ بال اور والی بال کے ٹرائلز شروع ہوں گے، نوجوانوں کو اس میں بھرپور حصہ لینا چاہئے، سرکاری یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ کلب قائم کئے گئے ہیں جہاں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول اور جدید آئیڈیاز کے فروغ پر توجہ دی جا رہی ہے، نیشنل انوویشن ایوارڈز شروع کیا گیا ہے جس کے تحت سٹارٹ اپس سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار نوجوانوں نے رجسٹریشن کرائی جس میں سے 50 بہترین نوجوانوں کا انتخاب کیا جائے گا، 10 نوجوانوں کو 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ 40 کو 5 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دو مرحلوں میں 100 سٹارٹ اپس کا انتخاب کرکے ان کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سے استفادہ کیلئے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ فراہم کئے جا رہے ہیں، نوجوانوں کی فلاح کیلئے مختلف پروگرام شروع کئے گئے ہیں، یوتھ پروگرام کی موبائل ایپلی کیشن کا اجراء کیا گیا ہے جس کے ذریعے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت فراہم کی گئی تمام سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ اس ایپ کے ذریعے بزنس اینڈ ایگریکلچر لون کیلئے درخواست دی جا سکتی ہے، نوجوانوں کے اچھے آئیڈیاز کا خیرمقدم کرتے ہیں، متحدہ عرب امارات کا وزیراعظم یوتھ پروگرام میں تعاون پر شکرگزار ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی یہ تعاون جاری رہے گا، نوجوانوں کو اپنی ساتھی خواتین کو محفوظ جگہ اور ماحول فراہم کرنا چاہئے، اس رویہ سے ملک کی 50 فیصد آبادی خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے میں مدد ملے گی، ملک کی ترقی کیلئے زیادہ سے زیادہ خواتین کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کی حقیقی صلاحیت کو نظر انداز کیا گیا، لیڈرشپ کو بروقت فیصلے کرنے چاہئیں، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، موجودہ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے پنجاب میں لیپ ٹاپ سکیم شروع کی، سکولوں، کالجوں اور پارکوں میں انٹرنیٹ تک آسان رسائی یقینی بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ہمارے نوجوان دنیا میں اپنی صلاحیتیں منوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایمزون سمیت دیگر سٹارٹ اپس کے ذریعے بھاری زرمبادلہ کما رہے ہیں، اقرباء پروری اور سفارش کے باعث ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتیں ضائع ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، آئی ٹی کے شعبہ کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر جیتنے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر چٹھہ بائیو کیئر، ان لائٹس، آواز 5000 اور فریش فیکٹر کارنر کے نمائندوں کو اعزازی انعامات دیئے گئے۔