اوکاڑہ ، 22فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان نے کہا ہے کہ ضلع میں خانہ و مردم شماری کا قومی اہمیت کا کام 3مارچ سے شروع ہو رہا ہے جس میں سرکاری عملہ خانہ و مرد م شماری کا کام سر انجام دے گا ،اس اہم ترین ذمہ داری کو خوش اسلوبی سے سر انجام دینے کے لئے تربیت یافتہ عملہ ضلع کی تینوں تحصیلوں اور کنٹونمنٹ میں خدمات سر انجام دے گا، تمام متعلقہ سر کاری محکموں کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاران سکیورٹی کے لئے خدمات سر انجام دیں گے، اس سلسلہ میں محکمہ پولیس ،محکمہ صحت ،محکمہ تعلیم ،ریسکیو 1122سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے ایکشن پلان مکمل کر لیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں خانہ و مردم شماری کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں محکمہ تعلیم کے ایک ہزار 336شمار کنندگان ٹیبلٹ کے ذریعے خانہ ومردم شماری کا کام کریں گے ضلع کو بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے ہر بلاک 250سے 300گھروں پر مشتمل ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس ،ڈی پی او آفس او ر تحصیل کی سطح پر کنٹرول روم قائم کر دئیے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ خانہ ومردم شماری کے کام میں مصروف عمل سرکاری ملازمین کو کوئی اور ذمہ داری تفویض نہ کی جائے نگرانی پر مامور عملہ انتہائی ذمہ داری سے خدمات سر انجام دے ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان نے کہا کہ خانہ ومردم شماری کے سلسلہ میں کام کرنے والی ٹیموں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا اور ان کی بھر پور معاونت کی جائے گی ۔