کورین تائیکوانڈو ایسوسیشن وفد کی وفاقی وزیر احسان الرحمان مزاری سے ملاقات، پاکستان میں تائیکوانڈو ٹورنامنٹس کے انعقاد کیلئے عزم کا اظہار کیا

21

اسلام آباد ، 22 فروری (اے پی پی ):وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری سے صدر گیونگ گیڈو تائیکوانڈو ایسوسی ایشن (جی اے ٹی)  کم کیونگ ڈوک کی قیادت میں کورین وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے۔وفد نے کہا کہ کوریا کی نیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن پاکستان میں مستقبل کے تائیکوانڈو ٹورنامنٹس کے انعقاد کیلئے پر عزم ہے۔

وفد نے تائیکوانڈو کو بطور کھیل فروغ دینے اور علاقائی سطح پر پاکستان میں تائیکوانڈو کی ترقی کی حوصلہ افزائی کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا اور مقامی تائیکوانڈو تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عہد کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ٹورنامنٹ کو بین الاقوامی معیار اور ضوابط کے مطابق منظم کیا جائے۔

وفد نے کہا کہ کوریا کی نیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن کو یقین ہے کہ پاکستان میں آئندہ ہونے والے ٹورنامنٹ تائیکوانڈو کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور پاکستان میں تائیکوانڈو کے کھلاڑیوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کا بہترین موقع فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کوریا کی نیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن آنے والے ٹورنامنٹس میں شرکت کے لیے پوری دنیا سے کھلاڑیوں کا خیرمقدم کرنے کی منتظر ہے۔