حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے؛وفاقی وزیر ساجد طوری

11

پاراچنار،27 فروری(اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل ساجد طوری نے کہا ہے کہ ضم قبائلی اضلاع میں صحافیوں کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں اور حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے۔

کرم پریس کلب پاراچنار کی نئی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہا کہ پاراچنار اور ضلع کرم کے صحافی انتہائی مثبت طریقے سے رپورٹنگ کررہے ہیں اور کرم پریس کلب ایک فعال ادارہ ہے جس پر انہیں فخر ہے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مجلس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر معظم خان بنگش نے کہا کہ کرم کے صحافی بہتر طریقے سے عوامی مسائل کی نشاہدہی کررہے ہیں جس کی حل کیلئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہے

اس سے قبل اپنے خطاب میں کرم پریس کلب پاراچنار کے صدر علی افضل افضال نے وفاقی وزیر ساجد طوری اور دیگر مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور پریس کلب کی کارکردگی بیان کی۔

 وفاقی وزیر ساجد طوری نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا اور پریس کلب کیلئے دو لاکھ روپے دینے کے علاؤہ اور ہیڈ ٹینک بنانے کا بھی اعلان کیا۔ ساجد طوری کا کہنا تھا کہ پاراچنار ضلع کرم سمیت تمام ضم قبائلی اضلاع کے وفدکی ذمہ دار حکام سے ملاقات کروائی جائے گی کیونکہ صحافی بھی معاشرے کا فعال ترین حصہ ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے بھی حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔