عوامی مسائل کم کرنے کیلئے ہر پندرہ دن بعد ہر تحصیل میں جاکر کھلی کچہری کا انعقاد کروں گا،ڈپٹی کمشنر اٹک

19

اٹک، 28 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اٹک راؤعاطف رضا نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبودکیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے، خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلع اٹک میں 26پرائس مجسٹریٹس کام کر رہے ہیں جنہوں نے ماہ فروری میں 16ہزار معائنے کیے اور تقریباً 16 لاکھ روپے کے جرمانہ عائد اور 198 افراد گرفتار کئے۔ پولٹری کی قیمتوں میں استحکام کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں،غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی جاری ہے اور جن افراد نے سادہ لوگوں کو لوٹا ہے ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ شہزاد نیاز کھوکھر، سینئر صحافی نثار علی خان، چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب شیخ فیصل جاوید، معروف صحافی شیخ جاوید اقبال، ڈاکٹر زوہیب رسول اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزیدکہا کہ ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں اس وقت 11403 تدریسی عملے کی آسامیاں موجود ہیں جن میں سے2866 آسامیاں خالی ہیں جن پر الیکشن کے بعد بھرتیاں شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال شجرکاری مہم کے سلسلے میں 13لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے جس کے ذریعے شدید ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کیا جائے گا، میڈیا سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز اس میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔  ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلع بھر میں صفائی کی خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔تجاوزات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ضلع بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جامع منصوبہ بندی مرتب کی جا رہی ہے اور اس پر جلد عمل کیا جائے گا۔