ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے رحیم یار خان میں ساتویں  مردم و خانہ شماری کا افتتاح کیا

10

رحیم یار خان، 01 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے رحیم یار خان میں ساتویں  مردم و خانہ شماری کا افتتاح کیا۔ادارہ شماریات کے عملہ نے ڈپٹی کمشنر ہاؤس کو پہلا نمبر لگایا۔

ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی  نے کہا کہ ادارہ شماریات نے اپنا تمام ڈیٹا جدید بنا دیا ہے جبکہ ملک میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل مردم شماری کی جا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مردم و خانہ شماری میں شفافیت یقینی بنانے میں اپنا بھر پور کردارادا کرے گی،مردم و خانہ شماری اہم قومی مقصد ہے جس کی کامیابی سے تکمیل تمام اداروں کا بنیادی مقصد ہے۔انہوں نے کہاکہ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں کنٹرول رومز قائم اور عملہ تفویض کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنرنے کہا  کہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی تحصیلوں میں مردم شماری ٹیموں سے رابطے میں رہیں۔

ضلع میں مردم و خانہ شماری دو مرحلوں میں مکمل کی جائے گی،مردم و خانہ شماری کا پہلا مرحلہ15مارچ جبکہ دوسرا یکم اپریل کو اختتام پذیر ہو گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع 3840بلاکس پر مشتمل جبکہ مردم و خانہ شماری میں 1965ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) سید ایوب بخاری، اسسٹنٹ کمشنر انزا عباسی بھی موجود تھے۔