اوکاڑہ۔ 01 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ خانہ شماری و مردم شماری کا اہمیت طلب کام ضلع میں شروع کر دیا گیا ہے جس کے لئے تربیت یافتہ عملہ طے شدہ پلان کے مطابق اقدامات کرے گا اہلیان اوکاڑہ سے اپیل ہے کہ وہ خانہ شماری و مردم شماری کے لئے کام کرنے والے فیلڈ عملہ سے تعاون کریں تاکہ یہ کام احسن انداز میں خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچ سکے خانہ ومردم شماری کے ذریعے حاصل ہونے والے اعداد و شمار قومی سطح پر ترقی کے اہداف طے کرنے سمیت انتہائی اہمیت طلب منصوبہ بندی کے لئے ضروری ڈیٹا فراہم کرنے کا ذریعہ بنیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں خانہ شماری و مردم شماری کی مہم کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر غلام مصطفی جٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے خانہ شماری و مردم شماری کے آغاز کے لئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے فیلڈ عملہ سے معلومات حاصل کیں اور ریکارڈ مرتب کرنے سے متعلق دریافت کیا ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں آفیسر کالونی سے خانہ شماری و مردم شماری مہم کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے فیلڈ عملہ کو ہدائیت کی کہ وہ خانہ و مردم شماری کے اعداد و شمار انتہائی احتیاط اور ذمہ داری سے درج کریں اور اس سلسلہ میں کسی سطح پر بھی کوئی لا پرواہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔