ملتان 02 مارچ )اے پی پی ):سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جنوبی پنجاب امین اویسی نے ملتان شہر میں صفائی اور سٹریٹ لاٹس کا نظام بہتربنانے اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے گرینڈآپریش لانچ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تمام شہروں میں صفائی، سیوریج اور دیگر شعبوں میں پبلک سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کا حکم دیا ہے۔یہ بات انہوں نے ملتان ویسٹ منیجنٹ کمپنی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن ملتان کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ بلدیاتی اداروں میں کوئی گھوسٹ ملازم برداشت نہیں کیاجائے گا اور تمام ورکرز کی فیلڈ میں حاضری کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں مشینری کی مرمت کے لئے ٹینڈر کا طریقہ کار اپنایا جائے تمام انفراسٹرکچر کی برینڈنگ کی جائے اور کنٹینرز اور ڈسٹ بِن کی صفائی کی جائے اور نیا رنگ و روغن کیا جائے۔انہوں نے مشینری کی فیولنگ کے حوالے سے رپورٹ پیش کی ہدایت کی ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے اور فیلڈ میں ورکرز کی حاضری چیک کرنے کے لئے اچانک دورے کرنے کا عندیہ دے دیاہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جنوبی پنجاب امین اویسی نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے حکام کو تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے اور شہر سے تمام مستقل اور عارضی تجاوزات کا خاتمہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ شہر میں موجود ریڑھیوں اور ٹھیلوں کی رجسٹریشن کی جائے اور انہیں نمبر الاٹ کئے جائیں۔اس کے علاوہ ریڑھی اور ٹھیلے لگانیوالوں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کےلئے پلان بھی تیار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں پرانی طرز کی سٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی لائٹس سے تبدیل کیا جائے اور بلڈنگ بائی لاز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے تاکہ بے ہنگم عمارتوں کی تعمیر کو روکا جاسکے۔اجلاس میں کمپنی سیکرٹری کبیر خان،چیف انٹرنل آڈیٹر طاہر آصف ،چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن فرمائش علی اور ایم ڈبلیو ایم سی کے منیجرز عقیل احمد، ساجدریاض، انوارالحق، محمد عمران خان، آصف شبیر اور حسن امجد نے شرکت کی۔