ملتان: ڈی جی ایم ڈی اے زاہد اکرام کا غیر منظور شدہ ہاوسنگ سکیموں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ

14

ملتان 08 مارچ ( اےپی پی):   ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے زاہد اکرام  نے غیر منظور شدہ ہاوسنگ سکیموں اور غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا۔ ڈائریکٹر اربن پلاننگ  اور ڈائریکٹرٹاؤن پلاننگ کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں اور غیر قانونی کمرشلائزیشن کا  ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے زاہد اکرام کے احکامات پر غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف باقاعدہ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ جبکہ غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف کی کارروائی بھی تیز کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی لسٹوں کو بھی اپڈیٹ کیا  جا رہا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریا میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور غیر منظور شدہ تعمیرات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایم ڈی اے کی رٹ قائم کرنے کے لئے تمام اختیارات استعمال کئے جائیں گے۔ انہوں نے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اور ڈائریکٹر اربن پلاننگ کو ہدایت کی کہ غیر قانونی ہاوسنگ سکیموں کا کاروبار کرنے والے مافیا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور غیر قانونی کمرشل تعمیرات کے خلاف بھی آپریشن تیز کیا جائے۔ احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے موضع شیرشاہ ملتان بائی پاس روڈ پر غیر منظور شدہ نجی ہوٹل کے خلاف کارروائی کر کے کمرشلائزیشن کی مد میں 8.19 ملین کا چالان جاریُ کر دیا گیا۔