فیصل آباد،09مارچ (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات کے ماتحت و ذیلی اداروں کے ملازمین کی استعدادکار میں اضافہ کے حوالے سے فیصل آباد میں دوروزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیاجس میں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان،پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن، پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے فیصل آباد دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین نے شرکت کی۔ حکومت پاکستان کے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے شروع کئے گئے ادارہ جاتی اصلاحات منصوبہ کے تحت مختلف اداروں کے کے ملازمین کیلئے ایسے تربیتی پروگرام مرتب کئے گئے ہیں جن سے انہیں گڈ گورننس اور تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے گا۔
گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کوتوالی روڈفیصل آباد میں منعقد ہونیوالی اس تربیتی ورکشاپ کے پہلے روزشرکاسے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی سعید احمد شیخ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی استعداد کار کو بڑھا کر نہ صرف محکموں کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ اس سے عوام کو سہولتوں کی فراہمی میں بھی اضافہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی بہترین کارکردگی کو یقینی بنانے کیلئے مختلف النوع تربیتی پروگرام ناگزیر ہیں لہٰذااس ضمن میں مختلف اداروں میں کام کرنیوالے ملازمین کو چاہیے کہ وہ ایسے تربیتی پروگرامزمیں پورے انہماک سے شرکت کریں تاکہ ان کی سکلز میں اضافہ ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ان پروگرامز پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے جس کا مقصدان کی صلاحیتوں میں نکھار لانا ہے۔دریں اثناملازمین نے مذکورہ ورکشاپ کے انعقاد کوانتہائی خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ اس سے نہ صرف ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہو گابلکہ وہ مزید مؤثر طریقے سے اپنے فرائض منصبی سرانجام دے سکیں گے۔اس موقع پر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد کے انچارج حامد محمود بھی موجود تھے۔