لاہور،16مارچ (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے چیئرمین امپلی منٹیش ہیومن رائٹس فورم سیموئیل پیارا کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نےجمعرات کو یہاں گورنر ہائوس میں ملاقات کی ہے ۔وفد میں سابق میئر رگبی جیمز شیرا، کاشف نیمت ایڈووکیٹ ہائیکورٹ، بشپ ڈاکٹر یوسف ندیم بھنڈر اور دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ا وورسیز پاکستانیوں کی ملک کے لیے خدمات قابل قدر ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور یہ بھی حقیقت ہے کہ وطن عزیز پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا تو اوورسیز پاکستانیوں نے دل کھول کر اپنے ملک کی مدد کی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اقلیتوں کی قیام پاکستان سے لے کر اب تک ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے خدمات لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں سب سے زیادہ ضرورت اتحاد اور یکجہتی کی ہے جس کے فروغ سے ہم اپنے ملک کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرسکتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ایس پی سنگھا ایوارڈ کی تقریب ہر سال گورنر ہائوس میں منعقد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک مینارٹی سے متعلق متعدد تقریبات گورنر ہائوس میں منعقد ہو چکی ہیں۔
چیئرمین امپلی منٹیش ہیومن رائٹس فورم سیموئیل پیارا نے کہا کہ پاکستان کا آئین مینارٹی کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے دنیا میں بہترین آئین ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس سے جس طرح سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامانہ بھیجا گیا وہ قابل تحسین ہے۔ سابق میئر رگبی جیمز شیرا نے کہا کہ پاکستان میں امن، معاشی استحکام اور جمہوریت کے فروغ کے لیے دعا گو ہیں۔