ملتان، 23 مارچ (اے پی پی ): وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کی خصوصی ہدایت پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں یوم پاکستان کے حوالے سے واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت نرسنگ سپرنٹینڈنٹ نشتر ہسپتال میڈم سلمہ نے کی ۔
نشتر ایڈمنسٹریشن بلاک سے شروع ہونے والی یہ واک نشتر ٹاور پر اختتام پذیر ہوئی۔
واک کے شرکاء نے اس موقع پر ملک و ملت کی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں بھی کرائیں۔
پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ 1940 ء کو قائد اعظمؒ محمد علی جناح کی زیر صدارت منظور کی گئی قرارداد پاکستان نے تحریک پاکستان میں نئی روح پھونک دی جس کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔
شرکاء میں سینئر نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کثیر تعداد شامل تھی۔