حکومت لوگوں کی آسانی اور سہولیات کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلارہی ہے؛ صوبائی وزیر بلال افضل

8

اوکاڑہ،23مارچ (اے پی پی):  صوبائی وزیر مواصلات و ایکسائز بلال افضل نے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کی آسانی اور سہولیات کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جمعرات کو یہاں پنجاب حکومت کی جانب سے محروم معیشت لوگوں کو مفت آٹا فراہم کرنے کے لئے قائم کئے گئے آٹا پوائنٹس کامعائنہ کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مفت آٹا فراہمی پوائنٹس پر کئے گئے انتظامات کوسراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت غریب عوام کے لئے تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کو بروئے کار لارہی ہے اور 10 کروڑ افراد میں 53 ارب روپے کا آٹا مفت تقسیم کیا جائے گا، اہل افرادکوسپیشل رمضان پیکج ریلیف کے تحت مرحلہ وار آٹے کے تین تھیلے ملیں گے۔

 صوبائی وزیر نے بتایا کہ  جتنے بھی مفت آٹا کی فراہمی کے پوائنٹس بنائے گئے ہیں وہاں پرانتظامی افسران کی جانب سے کئے گئے انتظامات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے اوکاڑہ میں مفت آٹا پوائنٹس کی سکیورٹی پر 1122 کے طبی امداد کے کاوَنٹرز، خواتین اور مردوں کے الگ الگ پوائنٹس کے قیام سپیشل افراد کے ویل چیئرزکے انتظامات پر اپنے اطمینان کااظہار کیا جبکہ آٹا لینے کے لئے آنے والے مردو خواتین سے سپیشل رمضان پیکج سے متعلق دریافت کیا تو لوگوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور حکومت پنجاب کی تحسین کی۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنرڈاکٹرمحمدذیشان حنیف،اسسٹنٹ کمشنرغلام مصطفیٰ جٹ سمیت متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔