اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، قومی ورثہ اور ثقافت انجینئر امیر مقام سے جمہوریہ انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ملاورمن توگیو نے جمعے کو یہاں قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر سینئر جوائنٹ سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت محمد بلال اور کلچرل کوآرڈینیٹر انڈونیشین ایمبیسی حرا خان بھی موجود تھیں۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پرانے قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں جن کی جڑیں تاریخی ہیں، پاکستان انڈونیشیا کے ثقافتی ورثے کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں اور باقاعدہ تبادلے کے لئے کوشاں ہے۔انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ملاورمن توگیو نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ورثے کے شعبے میں تعاون کے موجودہ دائرہ کار اور ترقی پسندانہ بنیادوں پر متعلقہ شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ سفیر نے انجینئر امیر مقام کو انڈونیشیا دورہ کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ انڈونیشیا کے سفیر نے پاکستان نیشنل لائبریری میں بین الاقوامی کارنر کے قیام کے لئے جگہ فراہم کرنے کی درخواست کی جسے مشیر وزیراعظم نے منظور کر لیا۔انڈونیشین سفیر نے وزیراعظم کے مشیر کا شکریہ ادا کیا اور وادی سوات کے دورے کی دعوت بھی قبول کی۔ انجینئر امیر مقام نے انڈونیشیا کے سفیر کی کاوشوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافت میں ابھی بہت کچھ تلاش کرنا باقی ہے اور ہم ثقافتی تبادلے کا پروگرام شروع کرنے کی امید کر رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے عوام کے رابطوں کے فروغ ، تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔











