اوکاڑہ،16اپریل(اے پی پی): عید پر اوور لوڈنگ اور اوورچارجنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف موٹروے پولیس نے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔
آئی جی موٹرویز سلطان علی خواجہ کی خصوصی ہدایت پر ڈی آئی جی شاہد جاوید نےپیٹرولنگ افسران کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنا قابل گرفت جرم ہے، ٹرانسپورٹرز ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں، زائد کرایہ وصول کرنے پر ٹرانسپورٹر مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا لہذا مسافر گاڑیاں اوورلوڈنگ، اوور چارجنگ سے گریز کریں۔
ڈی آئی جی شاہد جاوید نے کہا کہ پیٹرولنگ افسران ٹال پلازہ پر الرٹ رہیں، کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی شاہراہ پر مخصوص پوائنٹس پر اضافی نفری اور اسپیشل سکواڈ تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ پر موجود گائیڈینس سینٹر پر خصوصی ڈیسک بھی قائم کیا گیا جہاں اپنی شکایات نوٹ کروائی جاسکتی ہیں۔