اوکاڑہ،21اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے عید الفطرکے پرمسرت موقع پر تمام مسلمانوں کو عیدکی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر اللہ تعالیٰ کا تمام مسلمانوں کوانعام ہے یہ دن مسلمانوں کے لئے خوشی و مسرت اور رب العزت کا شکر بجا لانے کا دن ہے یہ فرحت و انسباط کا دن ہماری اجتماعیت ،اخوت و یگانگت اور اتفاق و اتحاد کا بھی عکاس ہے انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہم سب سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم پیار و الفت ،محبت و یگانگت کی فضا کو پروان چڑھاتے ہوئے نفرتوں اور کدورتوں کو دور کریں وطن عزیز کے ہرشہری اس کی خیر خواہی چاہیں اور وہ لوگ جو بے وسیلہ ہی ان کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں عید الفطر پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے فرائض کو پورا کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کرکے اپنے رب کو راضی کریں اپنے ارد گرد سفید پوش لوگوں کی ضروریات کا خیال رکھیں اور ان کی عزت نفس کو مجروح ہونے سے بچائیں مخلوق خدا اللہ تعالیٰ کا کنبہ ہے اوران لوگوں کی خدمت کرکے ہم اپنے رب کو راضی کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں اپنے شہداء کو بھی یاد کرنا ہے اور ان کے خاندانوں کا بھی خیال رکھنا ہے جنہوں نے اپنا کل ہمارے آج کے لئے قربان کر دیا ہم عید کے موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم اپنی زندگیوں کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں بہترین بنانے کے لئے اسلام کے سنہری اصولوں کو اپنائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پرضلعی انتظامیہ اوکاڑہ کے لوگوں کی خدمت اور معاونت کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے عیدکے دنوں میں تمام متعلقہ سرکاری ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے لئے انتظامات کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت، ریسکیو 1122میونسل کارپوریشن،ضلع کونسل،میونسپل کمیٹیاں، سول ڈیفنس،پولیس اور انتظامی افسران اپنے لوگوں کی خدمت کے لئے موجودہوں گے۔